کراچی (سٹی نیوز) شہر میں جاری سب سے دلچسپ ایونٹ ینگ لیڈرز کانفرنس میں شرکاء کی حوصلہ افزائی کیلئے معروف قانون دان اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے موڈیریٹر عمیر جالیہ والا نے کی ۔معروف قانون دان اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال کی بہو جسٹس ناصرہ اقبال نے سیگمنٹ میں شرکت کی اور پاکستان میں بدلتے عدالتی اور انصاف کے نظام پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کس طرح پاکستان میں عدلیہ کا نظام چلتا ہے اور اس میں کس طرح سے بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بطور ایک ذمہ دار شہری کے ہمارے فرائض کیا ہیں اور ہم کیسے معاشرے میں اپنا کردار نبھا سکتے ہیں۔ بعدازاں پینل مباحثہ میں معروف مبصر بریجٹ لیم، نشاء راؤ، بلال حسن اور ضفیر خان نے صنفی مساوات پر بات کی اور کہا کہ ہم روایتی طور پر کچھ ذمہ داریاں مخصوص صنف سے منسوب رکھتے ہیں جس سے دقیانوسی تصورات کو تقویت ملتی ہیں۔ تاہم مرد اور عورت میں بلا تفریک معاشرے میں برابری کا سلوک ہونا چاہیے۔ اس موقع پر اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب نے بتایا کہ کسی بھی فرد کی مدد کیسے کی جانی چاہیے، اس کیلئے ضروری ہے کہ ہر فرد اپنے اردگرد کے ماحول سے باخبر رہے اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر مدد کرنے میں دریغ نہ کرے بجائے اس کے کہ کوئی ان سے بذات خود مدد طلب کریں۔ انہوںنے بتایا کہ کامیاب کاروبار وہی ہیں جس میں مسائل کا حل اور ان میں بہتری کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ مزید برآں، شرکاء کو عامر خان نے فوری طبی امداد اور اپنے دفاع کی تربیت فراہم کی۔