کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) اورمیزان بینک لمیٹڈ کے مابین ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت پی ایس ایکس، بینک کے تعاون سے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) کلائنٹس کے لیے ایک وقف شریعہ کمپلائنٹ تجارتی پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ یہ ان سرمایہ کاروں کو سہولت مہیا کریگا جو شرعی طور پر منظور شدہ سکیورٹیز میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان اور میزان بینک کے بانی صدر اور سی ای او عرفان صدیقی نے چیئر پرسن پی ایس ایکس ڈاکٹر شمشاد اختر اور دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے۔ یہ تجارتی پلیٹ فارم پی ایس ایکس کی جانب سے فراہم کردہ آن لائن ٹریڈنگ سسٹم کے ذریعے دستیاب ہوگا جسے KiTS یا کراچی انٹرنیٹ ٹریڈنگ سسٹم کہا جاتا ہے۔