کرونا مزید 4اموات امریکہ پاکستانی بچوں کیلئے ایک کروڑ 60لاکھ ویکسین دیگا 

اسلام آباد‘ بیجنگ (خبر نگار‘ اے پی پی‘  شنہوا) ملک بھر میں کرونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف امریکہ پاکستانی بچوں کیلئے مزید ایک کروڑ 60 لاکھ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرے گا۔ منگل کو این آئی ایچ کی جانب سے  ٹویٹ میں شیئر کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق  24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 704 کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 620 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح  24 گھنٹوں میں کیے گئے  کرونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 3.71 فیصد رہی ہے۔191 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ملکوں میں مصدقہ کیسز کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے گئے ہیں۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 57 کروڑ23 لاکھ 80 ہزار 67 ہوگئی۔ امریکہ 9 کروڑ7 لاکھ  33 ہزار 888 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جبکہ بھارت 4 کروڑ39 لاکھ 20  ہزار451 مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور فرانس 3 کروڑ 38 لاکھ  40 ہزار 851  مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ پاکستانی بچوں کیلئے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ کووڈ  ویکسین فراہم کرے گا۔ امریکی سفارتخانہ کے مطابق ایک کروڑ ساٹھ لاکھ خوراکیں عطیہ کرنے کے بعد پاکستان کو امریکہ کی جانب سے دی جانے والی کرونا ویکسین کی تعداد سات کروڑ ستر لاکھ سے زیادہ ہو جائے گی۔ یو ایس ایڈ کی جانب سے مالی اعانت کی مد میں دو کروڑ ڈالر اضافی معاونت بھی پاکستان کو ویکسینیشن مہم کی کوششوں میں مدد کے طورپر مہیا کرنے کا منصوبہ ہے۔ وباء کے آ غاز سے لیکر اب تک امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو سات کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کی براہ راست امداد اور کروڑ لاکھ ڈالر مالیت کا سامان کووڈ کے خلاف جنگ میں معاونت کے طورپر دیا گیا ہے۔ امریکہ پاکستان کو سب سے زیادہ کرونا ویکسین عطیہ کرنے والا ملک ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا۔ وہ پانچ روز قبل کرونا میں مبتلا ہوئے تھے۔

کرونا

ای پیپر دی نیشن