اسلام آباد (رپورٹ: رانا فرحان اسلم) بھارت کی جانب سے ستلج، بیاس اور راوی پر قائم گوبند ساگر (بھکرا)، پونگ اور رنجیت ساگر ڈیم میں پانی کی موجودہ مقدار کی معلومات پاکستان کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ مذکورہ دریائوں اور ڈیمزکا اضافی پانی پاکستان کی طرف چھوڑا جاتا ہے۔ نوائے وقت کو دستیاب دستاویز کے مطابق دریائے ستلج پر قائم گلوبند ساگر (بھکرا) ڈیم میں اس وقت 31.5 فیصد، دریائے بیاس پر قائم پونگ ڈیم میں 25.9فیصد جبکہ دریائے راوی پر قائم رنجیت ساگر (تھین) ڈیم میں 42.2فیصد تک پانی سے بھر چکے ہیں۔ مون سون بارشوں سے ملک میں آبی ذخائر میں پانی کا اضافہ ہوا ہے۔ بعض مقامات پر دریائوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ تاہم تاحال صورتحال کنٹرول میں ہے۔ ارسا ذرائع کے مطابق بھارت کیساتھ رابطہ میں ہیں۔ پانی کے حوالے سے معلومات فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم بھارت کی جانب سے ابھی پاکستان کی طرف پانی نہیں چھوڑا گیا ہے۔ حالیہ بارشوں سے ملک میں آبی ذخائر کی سطح بلند ہوئی جس سے بعض مقامات پر سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ انڈس واٹر کمیشن فلڈ کمیشن اور ارسا حکام کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لے رہے اور پیشگی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
بھارت؍ معلومات فراہم