راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکاروں کو قومی پروگرام برائے اصلاح کھالہ جات(فیزII) کے تحت لیزر لینڈ لیولرز فی یونٹ2 لاکھ50 ہزار روپے سبسڈی سے فراہم کئے جا رہے ہیں۔اس ضمن میں درخواست دہندہ کے پاس لیزر لینڈ لیولرکے استعمال کے لئے ذاتی ٹریکٹر ہونا چاہیے۔درخواست دہندہ/ کاشتکار/ مزارع/ زرعی گریجویٹ کے پاس آبپاش علاقہ جات میں ساڑھے بارہ ایکڑ سے زائد رقبہ موجود نہیں ہونا چاہیے۔درخواست دہندہ اپنے علاقے میں منصوبہ کی مدت کے دوران سالانہ 300 ایکڑ زمین کی ہمواری کے لئے خدمات فراہم کرنے پر تیار ہو۔یاد رہے،ایسے تمام کاشتکار جو کسی اور منصوبہ کے تحت لیزر لینڈ لیولرزیونٹ حاصل کر چکے ہوں وہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ خواہشمند کاشتکار مکمل درخواست مع متعلقہ دستاویزات ڈپٹی ڈائریکٹر یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اصلاح آبپاشی) کے دفتر سے مفت حاصل کر سکیں گے۔اس کے علاوہ کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ اصلاح آبپاشی کی ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pk سے ڈاو¿ن لوڈ کر سکتے ہیں،خواہشمندکاشتکار مکمل درخواستیں 10 اگست2022 تک اپنے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر(اصلاح آبپاشی)کے دفتر میں جمع کروائیں۔
لیزر لینڈ لیولرزیونٹ کے حصول کےلئے کاشتکاروں کو سبسڈی دی جارہی ہے، ترجمان
Jul 28, 2022