اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی ہدایت پرنیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نے اہم اقدامات کی منظوری دے دی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ کا403 واں اجلاس چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغاکی زیر صدارت این ایچ اے کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا،جس میں ملک بھر میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ایچ اے نیٹ ورک کی صورت حال کاجائزہ لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے سندھ کو بلوچستان سے ملانے والے حب برج کو دوبارہ تعمیر کرنے کی منظوری دی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز دریائے حب پر واقع پل شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث منہدم ہوگیا تھا،تاہم حب بائی پا س کے ذریعے ٹریفک کی آمدورفت جاری ہے۔علاوہ ازیں این ایچ اے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں حب بائی پاس تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔حب پل اور حب بائی پاس کی تعمیر سے سندھ اور بلوچستان کی عوام کو براہ راست فائدہ ہوگا اور وہاں معاشی اور معاشرتی ترقی کے نئے امکانات سامنے آئیں گے۔اس موقع پر چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے ملک میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سے ہونے والے نقصانات کا جلد ازالہ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے این ایچ اے کے فیلڈ میں تعینات عملہ کو بھی ہنگامی صورت حال پر الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں قومی شاہرات اور موٹرویز کے نیٹ ورک پر ٹریفک کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اجلاس میں انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس خالد محمود،ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈویژن محمد تنویر بٹ، ممبر آئی اینڈ ایم پلاننگ ڈویژن میجر جنرل (ر) ظاہر شاہ، جائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات عثمان یعقوب، چیف این ٹی آر سی حمید اختر،وائس پریذیڈنٹ نیسپاک محمد دا د رانا،ممبر فنانس این ایچ اے اللہ دادخان،ممبر پلاننگ این ایچ اے عاصم امین،ممبر ای سی ارباب علی ڈھکن اور ممبر ایڈمنسٹریشن این ایچ اے ظاہر شاہ نے شرکت کی۔
خرم آغا