کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز علی شاہ نے سیشن ججز کے رویے سے تنگ آ کر استعفی دے دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز شاہ کا استعفی رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو موصول ہوگیا جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیشن ججز کی اکثریت قانون سے ہٹ کر اپنی پالیسی نافذ کرانا چاہتے ہیں۔ استعفے کے متن کے مطابق مجسٹریٹ اور سول ججز کو ہراساں اور توہین کی جاتی ہے، بیوروکریٹ اور ایس ایچ اوز کی شکایت پر بھی مجسٹریٹس کی توہین کی جاتی ہے۔ استعفے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیشن ججز کے رویے سے زیادہ تر جوڈیشل افسران بلڈ پریشر اور شوگرکے مریض بن چکے ہیں، اگر سیشن ججز اختیارات کے ناجائز استعمال پر نظر نہ رکھی گئی تو مزید ججز مستعفی ہوجائیں گے۔مستعفی جوڈیشل مجسٹریٹ کے مطابق اگر سیشن جج کی پالیسی کے خلاف کسی غیر اہم کیس میں فیصلہ آجائے تو اس جج کی خیر نہیں ہوتی ہے اور جعلی شکایت درج کرانے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز علی شاہ اس وقت سندھ ہائیکورٹ کے ریسرچ سیل میں تعینات تھے۔