لاہور(اسپورٹس رپورٹر)بھارت کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ ون ڈے کرکٹ کی بقا اسی میں ہے کہ اوورز کی تعداد کو کم کر دیا جائے۔ ایک روزہ کرکٹ کے فارمیٹ کو اگر طویل عرصے تک لے جانا ہے تو پھر 50 اوورز کی تعداد کو کم کیا جائے۔ سابق کرکٹرز نے بڑھتے ہوئے کرکٹ کیلنڈر کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ ون ڈے کا دورانیہ کم کرنے میں کوئی حرج نہیں ۔ جب ون ڈے شروع ہوا تو یہ 60 اوورز کا تھا۔روی شاستری کا کہنا تھا کہ جب ہم نے 1983 میں ورلڈ کپ جیتا تھا تو اس وقت 60 اوورز تھے،
اس کے بعد لوگوں نے سوچا کہ 60 اوورز کچھ زیادہ لمبے ہیں، لوگوں کو 20 سے 40 اوورز کا دورانیہ ہضم کرنا مشکل تھا، اس لیے انہوں نے اسے 60 سے گھٹا کر 50 اوورز کر دیا۔ اس فیصلے کے بعد اب کئی سال گزر چکے ہیں، تو کیوں نہ اسے 50 سے کم کر کے 40 کر دیا جائے۔ کیونکہ آپ کو آگے کی سوچ اور ترقی کرنی ہوگی۔