فورس کے تربیتی نصاب کو ماڈرن پولیسنگ سے ہم آہنگ کیا جائے:آئی جی


لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس فورس کے تربیتی نصاب کو ماڈرن پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور تربیتی نصاب میں آئی ٹی سکلز کا پورشن بڑھاتے ہوئے زیر تربیت افسران کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماڈرن پولیسنگ کی پریکٹیکل مہارتوں کی تربیتی ورکشاپس کروائی جائیں۔ مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا ہے،جدید مہارتوں پر فوکس کرتے ہوئے ٹریننگ کو سپاہ کیلئے دلچسپ اور بامقصد بنایا جائے جو فیلڈ میں افسران کی عملی ڈیوٹی کے دوران کارآمد اور مفید ثابت ہوں۔ کرائم سین سے شہادتوں کو محفوظ کرنا،طریقہ تفتیش اور فارنزک سائنس کی جدت سے افسران کو خصوصی طور پر ہم آہنگ کیا جائے اور تفتیش کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس فورس کے ٹریننگ امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ای پیپر دی نیشن