لاہور(خصوصی نامہ نگار)سپیکر محمد سبطین خان نے یومِ عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے۔ جب سیدنا امام حسین علیہ اسلام کی قیادت میں جذبہ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا اور حق کی سربلندی کیلئے خود سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی۔ اور یوں اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تا قیامت عزم و ہمت اور بہادری کا استعارہ بن گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا کہ دین اسلام کے جن اصولوں کی خاطرحضرت امام حسین علیہ اسلام نے آلِ رسول کی شہادت پیش کی۔ان اصولوں کی علمبرداری کیلئے ہم بھی قربانی پیش کرنے سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں۔ شہادت حضرت امام حسین علیہ اسلام کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالاخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسین علیہ اسلام کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطاءفرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کیلئے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔
یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے:سبطین خان
Jul 28, 2023