بجلی کی قیمت میں 7.50 روپے یونٹ  تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری 

Jul 28, 2023


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاور ڈویژن نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.50 روپے تک فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق جولائی 2023ءکے مہینے سے ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف42 روپے72 پیسے تک پہنچ گیا ہے اور سیلز ٹیکس کے بعد فی یونٹ بنیادی ٹیرف 50 روپے41 پیسے تک کا ہوگیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ ایک سے100 یونٹ تک کا ٹیرف 3 روپے اضافے سے16.48 روپے ہوگیا ہے اور ماہانہ101سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف4 روپے اضافے سے22.95 روپے ہوگیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک کا ٹیرف5 روپے اضافے سے27.14 روپے، 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 6.50 روپے اضافے سے 32.03 روپے اور 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 7.50 روپے اضافے سے 35.24 روپے ہوگیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 7.50 روپے اضافے سے 36.66 روپے، 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 7.50روپے اضافے سے 37.80روپے اور 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 7.50 روپے اضافے سے 42.72 روپے کا ہوگیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ3.95، ماہانہ51 سے100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ 7.74 روپے اور ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فی یونٹ7.74 روپے پر برقرار ہے جب کہ ماہانہ101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بھی فی یونٹ10.06 روپے پر برقرار رہے گا۔ اس کے علاوہ پیک آورز میں تھری فیز میٹر پر فی یونٹ بجلی کی نئی قیمت 41 روپے 89 پیسے مقرر کی گئی ہے اور آف پیک آورز میں تھری فیز میٹر پر فی یونٹ بجلی کی نئی قیمت 35 روپے57 پیسے مقرر کی گئی ہے جب کہ کمرشل، انڈسٹریز اور زرعی استعمال سمیت دیگر شعبوں کے لیے فی یونٹ بجلی ساڑھے7 روپے مہنگی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی ان نئی قیمتوں کا نفاذ کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز پر ہو گیا ہے۔
بجلی نوٹیفکیشن 

مزیدخبریں