اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) ایکنک نے چشمہ فائیو نیو کلیئر پاور پراجیکٹ سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دےدی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں ایکنک نے پاکستان ریزز ریونیو منصوبے کی منظوری دیدی، منصوبے پر ساڑھے 21 ارب روپے لاگت آئے گی، عالمی بینک اس منصوبے کیلئے 8 کروڑ ڈالر قرضہ فراہم کرےگا۔ وزارتت خزانہ حکام کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایکنک نے چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پراجیکٹ کی بھی منظوری دیدی، منصوبے پر 1047 ارب 98 کروڑ روپے لاگت آئےگی، سندھ میں سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی منظور کرلیا۔وزارت کے مطابق منصوبے پر 12 ارب 33 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، وفاق اور سندھ حکومت پچاس پچاس فیصد فنڈز خرچ کریں گے، ایکنک نے 23 ارب 54 کروڑ روپے سے راولپنڈی کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ منظور کر لیا۔حکام کے مطابق 28.4 کلومیٹر کے منصوبے کے تحت سہالہ بریج اور بائی پاس بھی تعمیر کیا جائے گا،وفاقی اور صوبائی حکومتیں 50، 50 فیصد لاگت برداشت کریں گی، کراچی شپ یارڈ انجینئرنگ ورکس کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بھی منظور ہو گیا۔انہوں نے بتایا منصوبے پر 10 ارب 68 کروڑ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت آئے گی، ڈی آئی خان میں عبدالخیل ڈھکی کلورکوٹ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا گیا، اس منصوبے پر 14 ارب 5 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ایکنک نے ضلع خاران میں ڈیم کی تعمیر کا 27 ارب 75 کروڑ لاگت کا نظریاتی شدہ منصوبہ منظور کر لیا۔
ایکنک