ہر حاجی کو 97 ہزار واپس، آئندہ رقم روپے میں وصول کی جائے گی 

Jul 28, 2023


اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کرام کو مزید 12 ارب روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ہر حاجی کو 97 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رقوم کی واپسی پیر سے شروع ہو جائے گی۔ منی میں جگہ نہ ملنے اور ٹرین کی سہولت سے مستفید نہ ہونے والے 22 ہزار 600 حاجیوں کو 21 ہزار روپے فی کس کے حساب سے اضافی رقم واپس کی جائے گی، اسی طرح مدینہ منورہ میں مرکزیہ سے باہر رہائش اختیار کرنے والے 18 ہزار حاجیوں کو 14 ہزار روپے فی کس کے حساب سے اضافی رقم واپس کی جائے گی۔ وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ سکیم کے حج آپریشن سے انہیں سخت مایوسی ہوئی ہے، حاجیوں سے پچیس پچیس لاکھ روپے وصول کر کے انہیں تنگ کیا گیا، ایسے ٹور آپریٹرز کے خلاف شکایات کی فوری سماعت کا حکم دیا ہے، کوتاہی کے مرتکب ٹور آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جمعرات کو وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج 2023 کا آپریشن ختم ہونے کے قریب ہے، 2 اگست کو آخری پرواز وطن واپس پہنچ جائے گی جس کے فوری بعد حج 2024 کی تیاریاں شروع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کا ایک لاکھ 79 ہزار 210 حاجیوں کا کوٹہ پاکستان کو مل چکا ہے۔ انہوں نے حج آپریشن کے حوالے سے سیکرٹری مذہبی امور آفتاب درانی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ سیکرٹری مذہبی امور نے حج 2024 کی تیاری شروع کر دی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ سال کا حج بھی سستا ہو اور حاجیوں کی مشکلات میں زیادہ سے زیادہ کمی آئے۔ انہوں نے کہا کہ حج اخراجات میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے، ہم نے اس کے باوجود بھرپور کوششیں کرکے سستا ترین حج کرایا ہے، رواں سال ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی۔ سینیٹر طلحہ نے کہا کہ آئندہ حج پر ڈالر کی بجائے پاکستانی روپے میں رقم وصول کی جائے گی۔
حاجی رقم 

مزیدخبریں