اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پہلے مریم نواز اور فریال تالپور سے متعلق ریمارکس پر معافی مانگے، پھر میں معافی مانگ لوں گا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے روز پی ٹی آئی کی خواتین ارکان سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج میں نے سینیٹ میں بھی اپنے بیان کی وضاحت کردی ہے۔ میں نے عمومی بات کی، کسی خاتون کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ کیا مریم نواز اور فریال خواتین نہیں تھیں؟۔ اِن کے لیڈر نے اِن خواتین کی جو تربیت کی ہے وہی سامنے آرہی ہے۔ ان کا لیڈر صنفی امتیاز پر گفتگو کرتا رہا ہے۔ اگر آپ کا لیڈر مریم نواز اور فریال تالپور کے بارے میں جو کہا، اس پر معافی مانگ لے تو میں بھی معافی مانگ لوں گا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آپ کو ہماری آنکھ کا تنکا نظر آتا ہے، لیکن اپنی آنکھ کا شہتیر نظر کیوں نہیں آتا۔ صنفی امتیاز کی باتیں میں نے نہیں کیں۔ میری تربیت نوازشریف نے کی ہے تو ان± کا نام آئے گا۔ اِن کی تربیت چیئرمین پی ٹی آئی نے کی ہے تو اسی کا نام آئے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی پہلے مریم نواز ، فریال تالپور سے متعلق ریمارکس پرمعافی مانگے : خواجہ آصف
Jul 28, 2023