لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں اننگز اور 222 رنز سے شکست دیکردو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر لیا۔ دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز مکمل طور پر لنکن ٹائیگرز پر چھائے رہے اور سری لنکا کی پوری ٹیم 188 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نسیم شاہ کے حصے میں آئیں۔ سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں اینجلو میتھیوز 63 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان ویموتھ کرونا رتنے نے 41 اور نشان مدوشکا نے 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔ دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے5 وکٹوں پر 576 رنز پر اننگز ڈکلیئر کی تھی۔ سلمان علی آغا 132 جبکہ محمد رضوان 50 رنز بنا کر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 563 رنز بنائے تھے اور اسے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 397 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ اوپنر عبداللہ شفیق نے 201 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کے عبد اللہ شفیق کو میچ جبکہ سلمان علی آغا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 166 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان ٹیم سری لنکن سرزمین پر زیادہ ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ کولمبو میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سری لنکا میں پانچویں ٹیسٹ سیریز جیت کر ریکارڈ ب±ک میں اپنا نام درج کر لیا ہے۔ اس سے قبل سری لنکا میں آسٹریلیا، انگلینڈ 4،4 جبکہ بھارت نے 3 اور جنوبی افریقہ نے 2 مرتبہ سیریز اپنے نام کی تھی۔ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔ دو میچز میں دو فتوحات کے ساتھ قومی ٹیم کی کامیابی کا تناسب 100 فیصد ہے۔ بھارتی ٹیم 66.67 فیصد کے ساتھ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کے 24 پوائنٹس ہو گئے۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023ءمیں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز پاکستان کی پہلی سیریز تھی۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹیموں کی درجہ بندی پوائنٹس پر نہیں بلکہ پوائنٹس کے تناسب پر کی جاتی ہے۔