ابوظہبی اسلام آباد (این این آئی+ اے پی پی) ابوظبی کے حکمران کے نمائندے شیخ سعید بن زید النہیان انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ وہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے بھائی تھے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدارتی دربار نے تین دن کے لیے سرکاری سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ شیخ سعید کو جون 2010 ءمیں ابوظہبی کے حکمران کا نمائندہ مقرر کیا گیا تھا۔ وہ ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے سابق رکن اور میری ٹائم پورٹ اتھارٹی (ابوظہبی) چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم برادر ملک متحدہ عرب امارات، شاہی خاندان اور یو اے ای کی عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔