چیلنجوں سے نمٹنے ، علاقائی ترقی کیلئے جنوبی ایشیا میں اقتصادی انضمام ناگزیر :افتخار علی

لاہور(کامرس رپورٹر )سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے اور علاقائی ترقی کیلئے جنوبی ایشیا میں اقتصادی انضمام ناگزیر ہے۔ گزشتہ روز’ ’جنوبی ایشیا میں اقتصادی انضمام‘‘ کے موضوع پر سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا متنوع اور زیادہ آبادی والا خطہ ہے جسے متعدد مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے جن سے قریبی اقتصادی تعاون کے ذریعے نمٹا جا سکتا ہے۔ اپنی معیشتوں کو باہم مربوط کرکے یہ ممالک بیرونی خطراف سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔ تجارتی منڈیوں اور سرمایہ کاری کے ذرائع میں تنوع سے معاشی بدحالی کے خاتمہ میں مدد مل سکتی ہے۔ قریبی اقتصادی تعلقات سے تجارتی حجم، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی منتقلی میں اضافہ ہو گا جس سے پورے خطے میں اقتصادی ترقی اور نمو کو فروغ ملے گا اور معاشرے کے مختلف شعبوں اور طبقات کو فائدہ ممکن ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک خطے سے باہر کے چند تجارتی شراکت داروں پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔ باہمی اقتصادی انضمام، بین العلاقائی تجارت کا فروغ، بیرونی منڈیوں پر انحصار میں کمی اور اشیا و خدمات کیلئے زیادہ مضبوط علاقائی مارکیٹ کا قیام تجارت کو متنوع بنانے میں مدد گار ہو سکتا ہے۔ اس خطے کو انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، توانائی اور مواصلاتی نیٹ ورکس میں بڑی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ اقتصادی انضمام سے سرحد پار انفراسٹرکچر میں بہتری، روابط میں اضافے اور علاقائی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے وسائل مہیا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ جنوبی ایشیا بڑی اور نوجوان آبادی کا مرکز ہے۔ اپنی معیشتوں کو مربوط کرکے یہ خطہ بڑی اور زیادہ ہنر مند لیبر مارکیٹ تشکیل دے سکتا ہے جس سے سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن