امریکی صدرکا انتظامیہ کوروسی جنگی جرائم کے ثبوت بین الاقوامی عدالت کوبھیجنے کا حکم

Jul 28, 2023

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی انتظامیہ کو یوکرین میں مبینہ روسی جنگی جرائم کے شواہد ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی)کو بھیجنے نے کا حکم دیا ہے، غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق اس بات کا انکشاف ایک امریکی اہلکار نے کیا۔ پینٹاگون نے اس اقدام کے خلاف مزاحمت کی تھی اور دلیل دی تھی کہ عدالت کے ساتھ کوئی بھی تعاون بیرون ملک تعینات امریکی فوجیوں کے خلاف سیاسی کارروائی کا راستہ کھول سکتا ہے۔بعض ریپبلکن اور ڈیموکریٹک قانون سازوں نے پینٹاگون پر الزام لگایا کہ وہ آئی سی سی کے ساتھ امریکی ملٹری انٹیلی جنس کے اشتراک کو روک کر روس کے جنگی جرائم کے مقدمے کو موثر طریقے سے کمزور کر رہا ہے۔مستقل جنگی جرائم کے ٹریبونل آئی سی سی نے مارچ میں روسی صدر ولادی میر پوتن کے یوکرین سے مشتبہ بچوں کو ملک بدر کرنے پر گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا، جو ایک جنگی جرم ہے۔قومی سلامتی کونسل کے ایک ترجمان نے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے آغاز کے بعد سے، صدر واضح رہے ہیں کہ یوکرین میں جنگی جرائم اور مظالم کے مرتکب اور معاونین کے لیے جوابدہی کی ضرورت ہے،ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے اس سے قبل جنگی جرائم کے مقدمات کی تیاری میں یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل کی مدد کے لیے بین الاقوامی تفتیش کاروں اور پراسیکیوٹرز کی ٹیمیں بھیجی تھیں۔اس حوالے سے یوکرین اور مغربی حکام کا کہنا تھا کہ قتل، پھانسی، بنیادی شہری ڈھانچے پر گولہ باری، جبری ملک بدری، بچوں کے اغوا، تشدد، جنسی تشدد اور غیر قانونی حراست کے شواہد موجود ہیں۔روس آئی سی سی کا رکن نہیں ہے اور اس کے دائرہ اختیار کو مسترد کرتا ہے اور یوکرین میں جنگی جرائم کے الزام کو بھی مسترد کرتا ہے۔روس نے آئی سی سی کے اس پراسیکیوٹر کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے جس نے مارچ میں پیوٹن کے لیے جنگی جرائم کے الزام میں وارنٹ تیار کیے تھے۔

مزیدخبریں