قیمتی پتھروں، سونے، چاندی سے تیار 20 فٹ بلند تعزیئے کی زیارت شروع

جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) سو سال سے قریشی خاندان کی شہدائے کربلا سے عقیدت و محبت کا شاہکار قیمتی پتھروں، سونے چاندی کی دھات سے تیار 20فٹ اونچا تعزیے کی زیارت کرنے کے لیے ملک بھر سے عقیدت مند وریام نگر پہنچنا شروع ہو گئے۔ 7ویں محرم کو ’’قریشی خاندان‘‘  اپنے آباؤ اجداد کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خصوصی طور پر شہزادہ قاسم ؑ، سمیت شہدائے کربلا کو سلام عقید ت پیش کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق  محرم الحرام میں جڑانوالہ میں بھی عرصہ سو سال سے محلہ وریام نگر میں قیام پذیر قریشی خاندان شہدائے کربلا سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی نایاب پتھروں، سونے چاندی کی دھات سے 20فٹ اونچا تعزیہ، جھولا اور علم تیار کرتا ہے جو کہ ساتویں محرم الحرام کو زیارت کے لیے نکالا جاتا ہے۔ قریشی خاندان کے فرزند بابا ارشاد حسین چھادا متولی امام بارگاہ درِ زہرا محلہ وریام نگر، اللہ رکھا، سہیل عاشق، مجاہد حسین نے تعزیے کی تیاری کے دوران بتایا کہ ہمارا خاندان سو سال سے قیمتی پتھروں، سونے چاندی سے 20فٹ اونچا تعزیہ تیار کر رہا ہے۔ تعزیے کی تیاری یکم محرم سے شرو ع کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔ شہدائے کربلا نے دین کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے لازوال مثال قائم کی۔  متولی بابا ارشاد اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اپنے فن کشیدہ کاری سے تعزیہ، جھولا اور علم تیار کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن