اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی پولیس قبضہ میں لی گئی بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران شیخ رشیداحمد کے وکیل سردار عبدالرازق خان عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاگیا کہ 31 مئی کو پولیس نے رات تین بجے سرچ وارنٹ کے بغیر ایف سیون میں گھر پر چھاپہ مارا،پولیس والے ایک لائسنس والی گن اور دو بلٹ پروف گاڑیاں زبردستی قبضہ میں لے لیں،جوڈیشل مجسٹریٹ نے سپرداری پر گاڑیاں حوالے کرنے کا آرڈر کیا مگر ایس ایچ او نے آرڈر ماننے سے انکار کر دیا، پولیس کی جانب سے قبضہ میں لی گئی گاڑیاں فوری واپس کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں،مس کنڈکٹ اور اختیار کے غلط استعمال پر تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔