انقرہ(این این آئی)ترکیہ فلسطینی دھڑوں کے درمیان اتحاد اور مصالحت کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے انقرہ میں فلسطینی صدر محمودعباس اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیئہ سے ملاقات میں کہی ۔ترک صدر کے دفتر نے بتایا کہ حماس کے رہ نما اسماعیل ہنیہ بھی بند کمرے میں ہونے والی کے ساتھ ملاقات میں موجود تھے۔طیب اردگان نے فلسطینی نصب العین کی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کیا تھا اور فلسطینی صدر محمودعباس سے ملاقات کے بعد حالیہ مہینوں میں مغربی کنارے میں تشدد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔انھوں نے صدر محمود عباس کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ہم فلسطینی کاز کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ہمیں زندگیوں کے بڑھتے ہوئے نقصان، تباہی، غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور آباد کاروں کے تشدد پر گہری تشویش لاحق ہے۔انھوں نے کہا کہ خطے میں منصفانہ اور دیرپاامن کا واحد راستہ تنازع فلسطین کا دو ریاستی حل ہے اور اس ویژن کا دفاع کرنا ہے۔