لاہور؍ اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں گھریلو ملازمہ پر مبینہ طور پر تشدد کرنے والی سول جج کی اہلیہ کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ نے سول جج کی اہلیہ کی یکم اگست تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔ ملزمہ خود بھی اب تک شامل تفتیش نہیں ہوئی اور اب ملزمہ نے لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر لی ہے۔ ملازمہ بچی پر تشدد کے کیس میں سول جج کی اہلیہ کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج ہے اور پولیس نے سول جج کے آبائی گاؤں میں بھی گھر پر چھاپہ مارا تاہم گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔ جبکہ اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 13سالہ ملازمہ پر مبینہ تشدد میں ملوث جج اور ان کی اہلیہ روپوش ہوگئے ہیں، جس کی وجہ کیس کی تحقیقات میں تعطل پیدا ہوگیا ہے۔ پولیس افسران کے مطابق پولیس ٹیموں نے اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ میں چھاپے مارے تاہم گھروں پر تالے لگے ہوئے ملے۔