شہدائے کربلا سے اظہار عقیدت کیلئے تیاریاں مکمل ،پکوان کی تقسیم

Jul 28, 2023

لاہور(رفیعہ ناہید اکرام) ملک بھر کی خواتین نے شہدائے کربلا سے اظہار عقیدت کیلئے گھروں میں تیاریاں مکمل کرلیں۔گھروں میںحلیم، سویاں ،نان حلوہ اورچکن پلاؤ سمیت دیگر پکوان تیار کرکے عزیزواقارب اورغرباء میں تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔خواتین کی بڑی تعداد نے گزشتہ روز قبرستانوں کا بھی رخ کیااورفاتحہ خوانی کے علاوہ اپنے پیاروںکی قبروں پر پھول چڑھائے ۔دریں اثنا نوائے وقت سے گفتگو میںخواتین رہنماؤں نے سانحہ کربلا کے حوالے سے حضرت سیدنا امام حسینؓ اور حضرت زینبؓ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں عزم و ہمت اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا سبق دیتا ہے ۔مسلم لیگ ن شعبہ خواتین پنجاب کی صدر نوشین افتخار اور سابق ارکان پنجاب اسمبلی کنول لیاقت اور حنا بٹ نے کہاکہ شہدائے کربلاؓ نے اسلام کی خاطر جو قربانی دی وہ رہتی دنیا تک زندہ رہے گی۔پیپلزپارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی رہنماؤںنیلم جبار، بیلم حسنین اور لاہورکی صدر فائزہ ملک نے کہاکہ  واقعہ کربلامیں حضرت زینبؓ کا لازوال کردار مسلم خواتین کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے ۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنماؤںڈاکٹرسمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہاکہ حضرت امام حسین ؓکی جدوجہد اقتدار کے لئے نہیں بلکہ اسلامی نظام کے قیام کے لئے تھی، شہدا کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوںامن پسندی، صبر،رواداری ، برداشت اور اخلاقی اقدار کو قیامت تک کیلئے زندہ کر دیا ۔

مزیدخبریں