ایک سال میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں15روپے41 پیسے یونٹ اضافہ

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)مو جودہ حکومت نے صرف ایک سال میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں15روپے41 پیسے فی یونٹ کا ریکارڈ اضافہ کیا ۔ جولائی میں بجلی 10 روپے 65پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت نے ایک سال میں بجلی کی بنیادی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کرکے عوام پر تقریبا ڈیڑھ ہزار ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا ہے۔ کسی بھی حکومت کی جانب سے ٹیرف میں اتنا بڑا اضافہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا۔پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ تک اضافے کا بوجھ تقریبا پانچ سو ارب روپے بنتا ہے۔موجودہ حکومت پہلے ہی بجلی صارفین پر تقریباایک ہزار ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال چکی ہے حکومت نے گذشتہ مالی سال بجلی کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ7روپے 91 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا تھا بنیادی قیمت کے علاوہ صارفین پر3روپے39 پیسے فی یونٹ کا اضافی سرچارج بھی عائد کیا گیا تھا۔صارفین نے سہہ ماہی,ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا بوجھ الگ بردداشت کیا، صرف جولائی کے ایک مہینے میں صارفین کے لیے بجلی دس روپے پینسٹھ پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی ہے، رواں ماہ بجلی کی قیمت میں تین بار الگ الگ اضافہ کیا گیا بجلی بنیادی ٹیرف میں7.50 روپے تک فی یونٹ مہنگی کی گئی جبکہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے نوے پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔جنوری تا مارچ دوہزارتئیس کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے پچیس پیسے فی یونٹ بھی مہنگی کی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن