شام کے دارالحکومت دمشق میں یوم عاشور سے ایک روز قبل حضرت سیدہ زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مزار کے قریب دھماکے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے میں نواسی رسول ﷺ حضرت سیدہ زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مزار کے قریب دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک ٹیکسی میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے سے دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد گاڑیوں میں آگ لگی گئی۔برطانیہ میں قائم حزب اختلاف کی جنگ پر نظر رکھنے والی تنظیم شامی رسدگاہ برائے انسانی حقوق کے مطابق دھماکے سے مرنے والے افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے جب کہ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ یوم عاشور سے قبل سیدہ زینب کے علاقے میں ہونے والا یہ دوسرا دھماکا ہے۔ منگل کے روز شام کے سرکاری میڈیا نے ایک پولیس اہلکار کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایک موٹر سائیکل کے ساتھ نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے دو شہری زخمی ہوگئے تھے۔