لاہور(نیوز رپورٹر) ہیپا ٹائٹس سے آگاہی کاعالمی دن ہرسال آج کے دن بروز28 جولائی کو منایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے شالا مار ہسپتال کے شعبہ جگر اورمعدہ کے زیر اہتمام ہیپا ٹائٹس بی اور سی کی فری سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں آنیوالوں کو ہیپا ٹائٹس سے بچائو کے مفید مشورے دئیے گئے۔ اس موقع پر ہیپاٹائٹس سے آ گاہی کے حوالے سے واک بھی کی گئی جس میں شعبہ گیسٹرو انٹرالوجی کے انچارج پروفیسرڈاکٹر ہارون یوسف، ہسپتال کیدیگر ڈاکٹرز،نرسز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور شالامار میڈیکل کالج کے طلبا نے بھر پورشر کت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہیپا ٹائٹس کی بڑی وجہ پانی کا صاف نہ ہونا ہے اس کے علاوہ شیونگ بلیڈز اور آ لودہ آ لات جراحی کے استعمال سے بھی ہیپاٹائٹس پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے اس کے ساتھ انتقال خون اور انجکشن لگواتے وقت بھی اس سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہر انسان کو کم از کم ایک بارہیپا ٹائٹس کی سکریننگ ضرور کروانی چاہیے تاکہ اس کا باقاعدہ علاج کیا جا سکے۔