حکمرانوں کو چیلنج کرتا ہوں پروٹوکول کے بغیر عوام میں جا کر دکھائیں‘ سیاست چھوڑ دوں گا: لطیف کھوسہ 

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مارا ہوا ڈاکہ کسی صورت ان کے پاس نہیں رہنے دیں گے، ڈاکہ سے لوٹی ہوئی رقم واپس لائیں گے، دھرتی ماں کو تین بار لوٹنے کے بعد چوتھی بار لوٹا جا رہا ہے۔ ہڈیوں کا ڈھانچہ باقی رہ گیا ہے جسے گدھوں کی طرح لوٹا جا رہا ہے۔ پاکستان کی تین نسلیں پہلے گروی رکھی جا چکی ہیں، ملک کی حالت یہ ہے کہ تین کروڑ بچہ سکولوں سے باہر ہے جو بچہ پیدا ہو رہا ہے وہ تین لاکھ قرضے کے نیچے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم بار ہال میں رول آف لاء کانفرنس میں شرکت کے موقع پر احاطہ سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا یہ عالم ہے کہ لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتے، خواتین کے زیورات گروی رکھ کر بجلی کے بل ادا کیے جا رہے ہیں، مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافہ کی وجہ سے لوگوں نے سکولوں سے بچوں کو اٹھا لیا ہے۔ عوام کی حالت پتلی ہے جبکہ مریم بی بی ڈیڑھ سو گاڑیوں کے جلوس میں چلتی ہیں، حکمران عوام کے پیسوں پر عیاشی کر رہے ہیں، حکمرانوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ پروٹوکول کے بغیر کوئی حاکم عوام میں جا کر دیکھا دے، اگر کوئی حکمران چلا جائے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی ادارے میں ایڈہاک ازم قابل قبول نہیں، ایڈہاک ازم بدنیتی کی بنیاد پر ہوتی ہے، ہمارے پاس ایڈہاک ازم ججوں بارے کمیٹی میں توسیع کیلئے بل نہیں بھیجا گیا، کوئی ایسی چیز نہیں ہونے دیں گے جس سے انصاف پر قدغن لگتی ہو، ایڈہاک ججز کا بل پارلیمانی کمیٹی میں مسترد کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن