اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزارتِ داخلہ نے ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کے پی ٹی آئی میڈیا سیل پر ریڈ اور پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کی گرفتاری اور احمد وقاص کے بیان پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں درج مقدمہ کی تفتیش کیلئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔ جے آئی ٹی کے ممبران میں ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے وقار الدین سید، ڈائریکٹر کائونٹر ٹیررزم ونگ ایف آئی اے ہمایوں مسعود سندھو، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اسلام آباد عنائت علی شاہ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اسلام آباد یاسر آفریدی ممبرز مقرر کئے گئے۔ جے آئی ٹی کیلئے دو نکاتی ٹی او آرز متعین کئے گئے ہیں جن میں نمبر1۔ تفتیش کے ذریعے ملزم اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے منفی سوشل میڈیا مہم سے پاکستان میں ہیجان اور بدنظمی پیدا کرنے کے منظم مقاصد کا پتہ چلانا، نمبر2۔ اور قانون کے مطابق ملزموں کی شناخت کر کے مقدمہ چلانا شامل ہیں۔ وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد پولیس ہیڈکوارٹرز جے آئی ٹی کو اس کے امورکی انجام دہی میں سہولیات فراہم کرے گا۔