واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سینیٹ میں ریپبلکن رکن کی جانب سے پاکستان اور چین مخالف بل پیش کردیا گیا۔ امریکی سینیٹ میں ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو نے بل پیش کیا جس میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ اور پاکستان کی جانب سے مبینہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھارت کی مدد کا وعدہ کیا گیا ہے۔ بل میں بھارت کے ساتھ اسرائیل، کوریا، جاپان اور نیٹو جیسے اتحادیوں کی طرح کے برتاؤ پر زور دیا گیا ہے۔ رکن کانگریس کی جانب سے پیش کیے گئے بل میں بھارت کے خلاف مبینہ اقدامات پر پاکستان کی امداد روکنے اور کانگریس کو آگاہ کرنے کی تجویز دی گئی۔ بِل میں نئی دہلی کے ساتھ واشنگٹن کے ’سٹریٹیجک سفارتی، اقتصادی اور فوجی تعلقات‘ میں اضافے کی تجویز بھی ہیش کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بل منظور ہونے کی صورت میں پاکستان پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب اسلام آباد اور واشنگٹن اپنے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو 2011 سے سینیٹ کے رکن ہیں، انہوں نے 2015 میں بطور صدارتی امیدوار انتخابات میں حصہ لیا تھا اور پرائمری انتخابات کے دوران کئی ریاستوں میں کامیابی حاصل کی تاہم 2016 میں وہ انتخابی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے۔