کراچی (نیٹ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آج یوتھ کنونشن منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔ مصطفیٰ کمال کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا قیام پاکستان کے وقت جامعہ علی گڑھ کے نوجوان نہ ہوتے تو پاکستان نہ بنتا، پاکستان اسی وجہ سے بنا نوجوانوں نے قائداعظم کا ساتھ دیا۔رہنما ایم کیو ایم نے کہا یوتھ کنونشن منعقد کر رہے ہیں، مجھے یقین ہے ایم کیو ایم کا یہ بڑا اقدام ہے اس کے بعد اس ملک کی معیشت بدل جائے گی، نئی تاریخ رقم ہوگی۔فاروق ستار نے کہا نوجوان اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے تو پاکستان چلے گا، کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا، ایم کیو ایم کا یہ اقدام پاکستان کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان اب نوجوان سنبھالیں گے، آپ جو بھی زبان بولتے ہیں یہ ایونٹ آپ کا ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا ایم کیو ایم کے کارکن اس ایونٹ میں نہیں آئیں گے، ایم کیو ایم کارکن شہر بھر سے نوجوانوں کو ایکسپو سینٹر پہنچائیں گے، اس ایونٹ میں 16 سے 28 سال کی عمرتک کے لوگ ہوں گے۔