مفتاح اسماعیل نے بجلی 24 فیصد سستی کرنے کا فارمولا پیش کردیا

Jul 28, 2024

کراچی(نوائے وقت رپورٹ)  عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے حکومت کو تجویز دی کہ وہ جولائی سے ستمبر تک گھریلو صارفین کے بجلی کے بلوں پر سیلز ٹیکس اور ایڈوانس انکم ٹیکس ہٹا دے تو گھریلو صارف کا بل 24 فیصد کم ہو جائے گا۔ حکمران بھی اپنے اخراجات میں کمی کی قربانی دیں، بجلی کے بلز سیاسی عدم استحکام کا باعث بننے کے ساتھ ن لیگ کو عوام سے دور کر رہے ہیں۔ دوسری تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کپیسیٹی چارجز میں 46 فیصد رقم وفاقی حکومت کو جاتی ہے۔ فرنس آئل اور ایل این جی پر ٹیکس لیا جا رہا ہے، حکومتی ملکیت کے چار ایل این جی پلانٹس ٹیکس کم کیا جائے۔ جو پاور پلانٹس گرڈ پر چل رہے ہیں ان کے ایندھن پر ٹیکس ختم کیا جائے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومتیں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی  کے لئے 400 سے 500 ارب روپے کے اخراجات ختم کرے۔ پی ایس ڈی پی کے حجم میں 50 ارب روپے کم کیا جائے۔ چائنیز آئی پی پیز سے اگر ساورن گارنٹی ڈیفالٹ کیا تو ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچے گا۔ پاکستان عوام پارٹی آج  کے الیکٹرک کے باہر احتجاج کرے گی۔ بجلی کے محکمے عوام کی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔  ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سٹیٹ بنک کو افراط زر میں کمی کے تناسب سے پیر کو شرح سود میں کمی کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں