اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ خان یونس میں جاری اسرائیلی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خان یونس میں اسرائیل کی بربریت کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں، خان یونس کے محاصرے سے علاقے میں اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی کے سنگین جرم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں اپنے بیان میں فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھرپور آواز اٹھائی، ہم یہ مطالبہ دہراتے ہیں کہ عالمی عدالتی انصاف کے فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے حالیہ فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔ شہباز شریف نے بتایا کہ اب تک پاکستان سے پاکستان ایئر فورس کے 6 جہازوں کے ذریعے 1200 ٹن اور 3 بحری جہازوں کے ذریعے 2700 ٹن امدادی سامان فلسطین بھجوایا جا چکا ہے۔ پاکستان کے میڈیکل کالجز میں فلسطین کے میڈیکل کے طلباء کیلئے خصوصی انتظام کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کے جنگی جرائم کا محاسبہ کرتے ہوئے اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے، پاکستانی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ملکی دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کے 76 ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کیپٹن محمد سرور شہید نے 1948ء کی جنگ میں جرآت و بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے مٹی کی حفاظت کو اپنی جان پر فوقیت دے کر آئندہ نسلوں کیلئے مادر وطن سے وفا کی لازوال مثال قائم کی۔وزیراعظم نے ضلع کرم میں دہشتگردوں کے پولیس تھانے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار کو خراج عقیدت اور بلندی درجات کی دعا کی اور شہید کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پاک فوج کے افسروں و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔