لاہور، اسلام آباد:جماعت اسلامی ،پی ٹی آئی کارکنوں کی عدالت پیشی ، 500 رہا 

لاہور+اوکاڑہ  ( نامہ نگار+نمائندگان نوائے وقت)  پنجاب  اور وفاق میں دفعہ 144  کی خلاف ورزی پر لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال، چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں گرفتار 500 کارکنوں کو رہا کر دیا گیا،  جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی لاہور احمد سلمان ، نائب صدر جنوبی پنجاب  پی ٹی آئی سمیت مزید 145 سیاسی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔  اوکاڑہ پولیس نے تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی معزز عدالت نے تمام گرفتار ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا۔ ساہیوال میں جوڈیشل مجسٹریٹ رائو زبیر کی عدالت نے پی ٹی آئی کے گرفتار 8 کارکنوں کو رہا کردیا۔ جلسہ کے الزام میں پی ٹی آئی کے نائب صدر جنوبی پنجاب ودیگر رہنمائوں سمیت130کارکنوں کے خلاف تھانہ ڈیرہ رحیم میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس تھانہ ڈیرہ رحیم نے زیردفعہ188ت پ مقدمہ درج کرلیا ہے۔ چنیوٹ کے تھانہ کوٹ واساوا پولیس نے موضع عدلانہ میں ڈیرہ پر ریلی نکالنے کی تیاری پر نامزد اور پندرہ نا معلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تحریک انصاف ضلع چنیوٹ کے صدر میاں شوکت علی تھہیم نامزد ، دس نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ کر کے کاروائی شروع کر دی۔نائب امیر جماعت اسلامی لاہور احمد سلمان بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔مقدمہ تھانہ مسلم ٹائون میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا ہے۔ احمد سلمان بلوچ نے 15 سے 20 افراد کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور اپنی تقریر سے شہریوں میں اشتعال پیدا کیا۔ جس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور اشتعال انگیزی کی دفعات 147،  149اور 188 شامل کی گئی ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ گرفتار ہونے والے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں کو شخصی ضمانت اور شورٹی بانڈز لے کرچھوڑ دیا ہے ۔ لاہور پولیس نے گزشتہ روز 300سے زائد کارکنوں، مقامی عہدیداروں اور رہنماؤں کو حراست میں لیا جبکہ پولیس نے اسلام آباد جاتے ہوئے گرفتار ہونے والے 180 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے۔

ای پیپر دی نیشن