کورٹ فیس اضافے کے خلاف اور دیگر مطالبات کے حق میں وکلاء کی ہڑتال 

Jul 28, 2024

لاہور+ ساہیوال+ کمالیہ (خبرنگار+نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان) کورٹ فیس میں 500 روپے تک اضافے کیخلاف پنجاب بار کونسل کی اپیل پر ڈسٹرکٹ اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز نے مکمل ہڑتال کی۔ کوئی وکیل پیش نہ ہوا جس سے عدالتی امور ٹھپ ہو کر رہ گئے اور دور دراز سے آئے سائلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پیشی پر لائے گئے ملزموں کو بغیر کارروائی بخشی خانوں سے ہی واپس جیلوں اور حوالاتوں میں بھیجنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ساہیوال کے وکلاء نے پنجاب بار کونسل کی اپیل پر کورٹ فیس میں ظالمانہ اضافہ اور لاہور میں عدالتوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے متنازعہ نوٹیفکیشن اور پولیس کی طرف سے وکلاء اور سیاسی جماعتوں کے قائدین وکارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ضلع کچہری میںہڑتال کی۔ ساہیوال بار کے صدر میاں رحمن حامد ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل ملک وسیم حسن سنگلہ نے کہا کہ کورٹ فیس 2روپے سے 500روپے مقرر کرنا ظالمانہ فعل ہے۔ کمالیہ بار کی دوسریروز بھی ہڑتال جاری رہی۔ صدر کمالیہ بار ایسوسی ایشن رائے عزیز الرحمن جگنو نے کہا ہے کہ حکومت کورٹ فیس میں اضافہ کے مکمل شیڈول اور ناجائز ٹیکسز کو حکومت فوری طور پر واپس لے ورنہ ہڑتال کا دائرہ وسیع کریں گے۔مہنگائی، سیاسی نمائندگان کی گرفتاری کے خلاف پنجاب بار کونسل کی کال پر لاہور کی ماتحت عدالتوں میںوکلاء کی جزوی ہڑتال کی گئی۔پنجاب بار کونسل کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے کورٹ فیس میں اضافہ اورماڈل ٹائون میں سول عدالتوں کی منتقلی کا نوٹیفکیشن فوری واپس لیا جائے۔

مزیدخبریں