اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی صدر زبیر طفیل نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ کیپیسٹی پیمنٹ معاہدوں کا جائزہ نہیں لیا گیا تو پاکستان کو شدید کاروباری رکاوٹوں اور صنعتوں کی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔زبیرطفیل نے کہا کہ اس سے معاشی زوال اور ملک کی برآمدات خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی پی پیز معاہدوں کی وجہ سے پاکستان خطے کے سب سے مہنگے بجلی والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے، پیداوار کی لاگت بڑھ رہی ہے،مہنگی پیداواری لاگت کے سبب عالمی مارکیٹ میں خریدارپاکستانی ایکسپورٹرز کو نظر انداز کرنے لگے ہیں اور اس وجہ سے برآمدی معاہدے منسوخ ہو سکتے ہیں۔