چکوال(نامہ نگار)تھانہ صدر چکوال کے علاقہ پنوال میں غیرت کے نام پر خاتون کو قتل کردیا گیا۔ خاتون کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ نامعلوم ملزمان نے مقتولہ کو آنکھ میں گولی مار کر قتل کردیا اور لاش ڈیم میں پھینک دی۔ مقتولہ پروین اختر زوجہ گوہر منظور تھانہ صدر میں درج جنسی زیادتی اور اغواء کے مقدمے میں مدعیہ تھی، مذکورہ مقدمے میں ملزمان 29 جولائی تک عبوری ضمانت پر ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال کیپٹن(ر)واحد محمود کا تھانہ صدر چکوال کے علاقہ پنوال ڈیم میں نعش ملنے کے معاملہ کا فوری نوٹس لیا۔ڈی پی او چکوال کی ہدایت پر ایس ڈی پی او صدر سرکل،ایس ایچ او صدر چکوال نے بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر نعش کو اپنی تحویل میں لیکر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔پی ایف ایس اے اور کرائم سین یونٹ بھی موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے مختلف شواہد اکٹھے کر لیے۔ڈی پی او چکوال کی ہدایت پر پولیس نے علاقہ بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا اور مشکوک افراد کی پڑتال بھی کی جارہی ہے۔ڈی پی او کیپٹن(ر ) واحد محمود نے کہا ہے کہ فوری نوٹس لیکر کر ایس ڈی پی او کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے،پولیس کا علاقہ بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف شواہد اکٹھے کرکے کیس کے ہر پہلو سے جائزہ لے رہے بہت جلد گمنام قاتل سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔