آم کی کوالٹی بہتر کرکے اس کی برآمد میں اضافہ کیا جائے گا،عاشق حسین کرمانی

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے  زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ مینگو فیسٹیول کے دوسرے دن کی تقریبات کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔ مینگو فیسٹیول کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق زرعی ریسرچ سنٹرز کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، زرعی تحقیق کیلئے اچھے ریسرچرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ مینگو فیسٹیول میں 100سے زائد اقسام دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی۔نمائش کنندگان کی بڑی تعداد میں شمولیت مینگو فیسٹیول کی کامیابی کا راز ہے۔پاکستانی آم کی پوری دنیا میں پہچان ہے۔پاکستانی آم کی کوالٹی بہتر کرکے اس کی برآمد میں اضافہ کیا جائے گا۔ آم کی جدید تحقیق کیلئے مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کو سنٹر آف ایکسیلینس میں تبدیل کیا جائے گا۔زرعی سائنسدانوں کو بیرون ممالک زیادہ ڈیمانڈ والی اقسام کی دریافت کا ٹاسک دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ آم کے باغبانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلئے متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیماریوں سے پاک آم کی نرسری کی تیاری کا ٹاسک بھی ریسرچرز کو سونپا گیاہے۔

ای پیپر دی نیشن