ہیپاٹائٹس کا عالمی دن،چیئرمین سینیٹ کا متاثرہ افراد کیساتھ اظہار ہمدردی ویکجہتی

Jul 28, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)  ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںچیئرمین سینیٹ نے ہیپاٹائٹس سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ اظہار ہمدردی اور دلی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ہیپاٹائٹس سے متاثرہ افراد کی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد اور تنظیموں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہیپاٹائٹس پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحت عامہ کا ایک اہم مسئلہ بنا ہوا ہے۔ اس اہم دن کی مناسبت سے چیئرمین سینیٹ نے ہیپاٹائٹس کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے بارے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہم اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے مل کر کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر فرد کو صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی ممکن ہو۔سید یوسف رضا گیلانی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کے لیے فعال اقدامات کریں جس میں باقاعدہ اسکریننگ اور ویکسینیشن شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے ہی ہیپاٹائٹس کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے اور دنیا میں بسنے والے تمام افراد کے لیے ایک صحت مند مستقبل کی بنیاد ڈالی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں