اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھارتی وزیر آعظم مودی کے پاکستان خلاف بیان کی مذمت کی ہے ،شیری رحمان نے کہا کہ کارگل تنازعے کی 25 ویں برسی پر مودی کا پاکستان متعلق بیان قابل مذمت ہے، پاکستان کو تاریخ سے سبق سیکھنے کا مشورہ دینے والے مودی کو حالیہ بھارتی انتخابات کے نتائج سے ضرور سبق سیکھنا چاہئے، مودی کا پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ تنازعات سے بھری دنیا چاہتے ہیں، ان کے قوم پرستی کے بیانیہ کا مقصد خطے کو خطرناک تناؤ میں مبتلا رکھنا ہے، بی جے پی یاد رکھے اس طرز عمل سے بھارت کو بطور درمیانی طاقت بڑھنے میں مدد نہیں ملے گی، یہ طرز عمل بھارت کو تنازعات پر مبنی شناختی سیاست اور انتہا پسند قوم پرستی کے دائرے میں پھنسا دے گا، مودی کی پاکستان کے خلاف بیان بازی اور نفرت پر مبنی تنازعات کو بھڑکانے والا بیانیہ ممکنہ طور پر دو ایٹمی پڑوسیوں کے درمیان کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے، مودی کی پاکستان کے خلاف بیان بازی سے علاقائی استحکام کو خطرہ ہو سکتا ہے۔