بھارت میں ایک کمپنی کے ملازم نے بیماری کی چھٹی مانگی جس پر منیجر کی جانب سے ایسا جواب دیا گیا جو کسی نے سوچا نہ تھا۔آفس سے چھٹی مانگنے پر اکثر ہمیں اپنے باس یا منیجر کے جواب سننے کو ملتے ہیں لیکن منیجر نے ایک دن کی بیماری کی چھٹی مانگنے پر ملازم کو ایک ہفتے پہلے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔ملازم اور منیجر کی میسج پر ہونے والی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملازم کی جانب سے میسج کیا گیا ہے کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں اس لیے میں آفس نہیں آؤں گا۔جس پر منیجر نے کہا بیماری کی چھٹی چاہیے یا عام چھٹی، 7 دن پہلے بتانا ضروری ہے۔میسج کی تصویر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے منیجر کو خوب آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے اور تنقید کرتے ہوئے مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔