کرغزستان کے چیف الیکشن کمشنرکے مطابق ریفرنڈم کے سلسلے میں سنتالیس فیصدووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے جس میں اکثریت نےآئینی اصلاحات کی حمایت کی ہے

Jun 28, 2010 | 12:57

سفیر یاؤ جنگ
ریفرنڈم میں ووٹروں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ کرغزستان کی عبوری حکومت کی جانب سے آئینی اصلاحات پر ریفرنڈم کا مقصد ملک میں پارلیمانی نظام نافذ کرنا ہے۔ ریفرنڈم کے لئے ملک بھر میں دو ہزار سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے، جہاں سکیورٹی خدشات کے باوجود ووٹروں کی بڑی تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ یاد رہے کہ کرغزستان میں صرف دو ہفتے قبل بدترین نسلی فسادات میں دو سو ستر افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ فسادات سے متاثرہ اوش اور جلال آباد شہروں میں بھی پولنگ کا تناسب تسلی بخش رہا اور ملک کے کسی حصے سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ عبوری حکومت کی سربراہ روزا اوتن بائی اوف نے نسلی فسادات سے متاثرہ علاقے اوش میں قائم ایک پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالا۔ پولنگ میں حصہ لینے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں امن، خوشحالی اور استحکام کیلئے ریفرنڈم میں حصہ لے رہے ہیں۔ ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان آج متوقع ہے۔
مزیدخبریں