مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی‘ راجوری میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی‘ راجوری میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا

Jun 28, 2013

سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع راجوری میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ سرحد پار موصولہ اطلاعات کے مطابق ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بیسالی میں مہورہ گیپ کے مقام پر محاصرے اور تلاش کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ ادھر گاندربل، سرینگر اور ادھمپور کے علاقوں سے دو خواتین سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔دریں اثنا حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی زیر حراست کشمیری نوجوانوں پر تشدد اور شہادتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 23 برسوں کے دوران ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہزاروں شہید ہوئے۔ انسانی حقوق کے عالمی ادارے نوٹس لے کر بھارت سے کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائیں۔ تشدد کیخلاف عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے بیان میں علی گیلانی نے زیر حراست شہادتوں اور تشدد کے واقعات کی غیر جانبدار اور بین الاقوامی ادارے کے ذریعے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے اس سلسلے میں آج تک نہ صرف یہ کہ کسی فوجی یا پولیس اہلکار کیخلاف ایف آئی آر درج نہیں کرائی بلکہ حراستی شہادتوں اور حراستی تشدد میں ملوث لوگوں کو ترقیوں اور تمغوں سے نوازا گیا اور ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے

مزیدخبریں