مشرف قومی مجرم ہیں، نوازشریف کارروائی کیلئے دباﺅ میں نہ آئیں: بزنجو

مشرف قومی مجرم ہیں، نوازشریف کارروائی کیلئے دباﺅ میں نہ آئیں: بزنجو

Jun 28, 2013

اسلام آباد (ایجنسیاں) بلوچ رہنما سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ نوازشریف آرٹیکل 6 کے تحت پرویز مشرف کیخلاف کارروائی کے معاملہ پر کسی دباﺅ میں نہ آئیں، وہ قومی مجرم ہے انہیں سزا ملنی چاہئے۔ پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے مقدمہ چلانے کا فیصلہ کر کے بہادری اور جرات کا مظاہر کیا ہے۔ بنگلہ دیش کی حکومت 1971کے واقعات پر اب سزائیں دے رہی ہے۔ اس طرح جنوبی افریقہ میں بھی حقائق جاننے کیلئے بااختیار کمشن قائم کیا گیا یہ کہنا بے معنی ہے کہ مشرف کو سزا نہیں ہونی چاہئے یا انہیں سزا نہیں ہو سکتی۔ میڈیا سے گفتگو میں رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا حکومت اور سپریم کورٹ سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے مزید قوم کا وقت برباد نہ کریں، خدشہ ہے سپریم کورٹ کی کسی بھی کارروائی سے پیپلزپارٹی پھر مظلومی کا کارڈ نہ کھیلے ، کراچی کے تمام سیاست دانوں کی تحقیقات کی جائیں تو کراچی میں امن قائم ہوجائے گا۔ کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ کراچی میں امن وامان کی بحالی انتہائی ضروری ہے کیونکہ بدامنی کی وجہ سے کراچی عملی طور پر ہاتھ سے نکل چکا ہے لیکن اب بھی وقت ہے کہ حکومت کراچی میں آپریشن کرے۔ سابق وفاقی وزیر قانون و پیپلزپارٹی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سوئس حکام کو دو خطوط لکھنے کے حوالے سے حقیقت کا علم نہیں، آئین توڑنے والوں کو سزا ملنی چاہیے لیکن حکومت ایسے محاذ نہ کھولے جس سے جمہوریت کو خطرہ لاحق ہو ، مشرف کو چیف آف آرمی سٹاف لگوانے والے ایک بار پھر میاں نواز شریف کے گرد جمع ہوچکے ہیں۔ اٹارنی جنرل منیر اے ملک کی جانب سپریم کورٹ میں سوئس حکام کو لکھے گئے خطوط کے حوالے سے کیے گئے انکشافات کے بارے میں مجھے علم نہیں بڑی مشکل سے ملک میں جمہوریت اپنی پٹڑی پر رواں دواں ہے اگر کسی فرد کی غلطی سے جمہوریت اپنی پٹڑی سے اتر گئی تو ملک کو بے شمار نقصان ہوگا۔ مسلم لیگ (ضیا) کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی اعجازالحق نے کہا کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے سابقہ حکومت نے صرف سپریم کورٹ کو نہیں بلکہ آئین‘ قانون‘ عوام اور اپوزیشن کو دھوکہ دیا۔ سپریم کورٹ اس معاملہ میں ملوث تمام شخصیات اور افراد کو قرار واقعی سزا دے۔ وفاق صوبوں کو اعتماد میں لے کر امن و امان کیلئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرے۔ سابقہ حکومت نے سوئس حکام کو خفیہ خط لکھ کر صدر آصف زرداری کو تحفظ فراہم کیا اور سپریم کورٹ سمیت پوری قوم کو دھوکہ دیا۔ سپریم کورٹ اس معاملہ پر از خود نوٹس لے اور جو بھی شخصیت کسی بھی عہدہ پر براجمان ہے یا تھی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کی امت مسلمہ کے ٹائی ٹینک ڈوبنے کی بات اپنی جگہ درست لیکن امت مسلمہ کا واحد ایٹمی ملک پاکستان بھی بھنور میں پھنسا ہوا ہے۔
بزنجو/ارکان اسمبلی

مزیدخبریں