ایمنٹسی سکیم کے تحت درآمد گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کیخلاف ہائیکورٹ سے عبوری حکم امتناعی جاری

Jun 28, 2013

لاہور (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے ایمنسٹی سکیم کے تحت درآمد کی گئی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف دائر رٹ درخواست سماعت کےلئے منظور کرتے ہوئے درخواست گذاروں کے حق میں عبوری حکم امتناعی جاری کر دیا۔ فاضل عدالت نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کو ہراساں نہ کیا جائے۔ فاضل عدالت نے مدعا علیہان سے جواب اور رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی۔ ایمنسٹی سکیم کے تحت گاڑیاں درآمد کرنے والے افراد، درخواست گذاروں نے م¶قف اختیار کیا کہ انہوں نے حکومتی سکیم کے تحت گاڑیاں قانون کے مطابق درآمد کر کے ٹیکس ادا کیا۔ اس کے باوجود متعلقہ حکام گاڑیاں قبضے میں لے رہے ہیں جو غیر قانونی اقدام ہے۔ عدالت نے عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے جواب اور رپورٹ طلب کر لی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمنسٹی سکیم کو کالعدم قرار دے کر ایف بی آر کو سکیم کے تحت رجسٹرڈ 50 ہزار گاڑیاں قبضے میں لینے کا حکم دیا تھا۔ 

مزیدخبریں