اسلام آباد (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ آ ج سے شروع ہونے والے پالیسی سطح کے مذکرات کی تیاری کر لی۔ قبل ازیں وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ٹیکنیکل سطح کے مذاکرات میں ایف بی آر حکام نے آئی ایم ایف وفد کو آئندہ مالی سال کے ٹیکس اہداف کے حصول اور اصلاحات کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ پالیسی سطح کے مذاکرات میں اسحاق ڈار پاکستانی ٹیم کی قیادت کرینگے۔ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں آئی ایم ایف کے کہنے پر من و عن بھاری اضافہ نہیں کر سکتے۔ ادھر چیئرمین ایف بی آر انصر جاوید کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو آئندہ مالی سال کے دوران ٹیکس وصولی کے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے مطمئن کر دیا ہے کہ دو ہزار چار سو 75 ارب روپے کی ٹیکس وصول کا ہدف حاصل کر لیا جائیگا۔ تکنیکی سطح پر پانچ روز مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف کو مختلف اداروں نے بریفنگ دی گئی۔ ایف بی آر، سٹیٹ بنک، وزارت خزانہ، نجکاری بورڈ نے بریفنگ دی۔ سرمایہ کاری بورڈ اور اقتصادی امور ڈویژن نے بھی بریفنگ دی۔ تکنیکی مذاکرات میں آئی ایم ایف نے سرکلر ڈیٹ، بجلی کی قیمتوں اور محصولات سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔