لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور آپریشن ضرب عضب کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جس میں تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ امیر لاہور ارشاد احمد طاہر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کو دہشت گردی کے عذاب سے نکالنے کے لئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، آپریشن کی کامیابی تک منہاج القرآن کے لاکھوں کارکن لاہور سمیت ملک بھر میں فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا پاک فوج اس ملک کو انتہا پسندوں جبکہ عوامی تحریک سیاسی دہشت گردوں سے چھٹکارا دلائے گی، ملک میں جمہوری انقلاب کے لئے آمریت کی پیداوار ظالم حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہوگا جس کے لئے ملک کی تمام سیاسی قوتیں اور اٹھارہ کروڑ عوام انقلاب کی کال کے منتظر ہیں۔ ارشاد احمد طاہر نے کہا تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بحالی تک امدادی سامان بجھوانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ علاوہ ازیں تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد احمد طاہر کی قیادت میں شالا مار چوک سے پریس کلب تک آپریشن ضرب عضب اور فوج کی حمایت میں ریلی نکالی۔
پاک فوج سے اظہار یکجہتی، عوامی تحریک کی لاہور سمیت کئی شہروں میں ریلیاں
Jun 28, 2014