اسلام آباد (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا مجموعی تناسب 77.25 فیصد رہا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فیڈرل بورڈ کے میٹرک کے امتحان میں 57 ہزار 420 ریگولر امیدواروں میں سے 52 ہزار 84 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب 90.71 فیصد رہا جبکہ 20 ہزار 119 پرائیویٹ امیدواروں میں سے 7 ہزار 815 امیدوار کامیاب قرار پائے جن کی کامیابی کا تناسب 38.84 فیصد رہا۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج بہاولپور کینٹ کے طالب علم حمزہ صدیق نے 1031 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن، فضائیہ انٹر کالج منیر روڈ لاہور کینٹ کی طالبہ میرال سلیم نے 1030 نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج سرگودھا کینٹ کے عمار خاور نے 1029 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح آرٹس گروپ میں ایچ ایچ شیخ راشد المخطوم پاکستان سکول دوبئی، متحدہ عرب امارات کی طالبہ کلثوم طارق نے 969 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن، اسلام آباد کے طالب علم معاویہ نصیر نے 968 نمبر حاصل کر کے دوسری اور کوالٹی سکول مصریال روڈ راولپنڈی کی طالبہ حاجرہ عامر نے 958 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بورڈ اعلامیہ کے مطابق طلبہ اپنے نتائج بورڈ کی ویب سائیٹ www.fbise.edu.pk سمیت 5050 نمبر پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی رزلٹ معلوم کر سکتے ہیں۔