اسلام آباد(آئی این پی)پیس کور کے سروے میں 71فیصد پاکستانیوں نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کی حمایت کر دی ہے،76فیصد پاکستانیوں کے خیال میں تحفظ پاکستان آرڈیننس سے دہشت گرد ی کے خلاف جاری جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھ مظبوط ہونگے، جبکہ 49فیصد پاکستانی سمجھتے ہیں کہ حکومت اور پولیس اس کو اپنے ذاتی مخالفین کے خلاف بھی استعمال کر سکتی ہے۔ پاکستان انٹرنل سیچویشن سنٹر آف ریسرچ سروے کے مطابق ملک بھر سے 2794افراد نے شرکت کی۔ 71 فیصد پاکستانیوں نے موجودہ حالات میں تحفظ پاکستان آرڈیننس کو بہترین قرار دیا تو27فیصد کا خیال ہے کہ مذکورہ بل سے سکیورٹی فورسز کو قتل عام کا لائسنس مل جائیگا، دوسری جانب 76فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ ملک میں جاری دہشتگردی کے خلاف جنگ بالخصوص آپریشن ضرب عضب کے دوران ہی اس آرڈیننس پر عملدرآمد شروع ہونے کی صورت میں سکیورٹی فورسزکے ہاتھ مضبوط ہونگے، جبکہ 20فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ آپریشن میں مصروف فورسز کو اس آرڈیننس سے کوئی خاص فائدہ نہیں حاصل ہوگا۔ جبکہ آرڈیننس سے متعلق آخری سوال کے جواب میں 49فیصد پاکستانیوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد خدشہ ہے کہ حکومت اس آرڈیننس کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف بھی استعمال کر سکتی ہے جو کہ اس کے مقصد کے بر خلاف انتہائی غلط ہو گا جبکہ 48فیصد کا خیال ہے کہ مذکورہ آرڈیننس ملک میں جاری دہشتگردی کی کاروائیوں کے سدباب اور خاتمے سکیورٹی فورسز کی ضروریات کو مدنظررکھ کر مرتب کیا جارہا ہے اس لئے سکیورٹی فورسز حتی المقدور کوشش کریں گی کہ اس آرڈیننس کا غلط استعمال نہ کیا جاسکے۔
71 فیصد پاکستانیوں نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کی حمایت کردی
Jun 28, 2014