اسلام آباد (آئی این پی) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کو حاضری سے ایک روز کا استشنٰی دے دیا، پرویز مشرف کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی منظور کر لیا گیا، پراسیکوٹر نے مشرف کو حاضری سے استشنٰی دینے کی بھرپور مخالفت کی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے کی۔ پرویز مشرف کے وکیل ایڈووکیٹ الیاس صدیقی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ عدالت نے مشرف کی وکلاء کی جانب سے سابقہ تاریخ پر جمع کرایا گیا میڈیکل سرٹیفکیٹ منظور کرلیا جبکہ پرویز مشرف کو حاضری سے ایک روز کا استشنٰی بھی دے دیا گیا۔ پراسیکوٹر عامر ندیم تابش نے سابق صدر کو حاضری سے استشنٰی دینے کی بھرپور مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمے کی 17 سماعتیں بغیر کارروائی کے ہی ملتوی کی جا چکی ہیں۔ پرویز مشرف ہر سماعت پر بیماری کا جواز بنا کر پیش نہیں ہو رہے۔ انہوں نے عدالت سے مشرف اور ان کے ضمانتیوں کی مسلسل عدم حاضری پر ان کے خلاف کارروائی کی استدعا کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مشرف کی صحت سے متعلق میڈیکل سرٹیفکیٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔