عمران ڈائیلاگ کریں، انارکی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے: وزراء

Jun 28, 2014

اسلام آباد/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) عمران خان کے جلسہ میں خطاب اور مطالبات پر ردعمل دیتے ہوئے وزراء خواجہ سعد رفیق اور عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ہمارا مارچ دہشت گردی کے خلاف جبکہ عمران خان کا پارلیمنٹ، آئین اور عدلیہ کے خلاف ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں 10 لاکھ لوگ آئیں گے، وقت پر دیکھیں گے کہ دس لاکھ ہیں یا دس ہزار، پھانسی دیدوں گا، یہ کر دوں گا، وہ کر دوں گا، مہربانی کر کے ہمارے ساتھ بیٹھیں، دھرنوں، لانگ مارچ کے ذریعے قوم کو متاثر کرنے اور جمہوری حکومت ڈی ریل کرنے کا دور ختم ہو گیا۔ عمران خان سے دوبارہ بات کر کے ان سے مسئلہ پوچھیں گے، اگر نواز شریف نے 11 بجے تقریر کی تو کیا پہلے وہ عمران سے اجازت لیتے؟ اگر چار سال انتظار نہیں کیا جا رہا تو یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے۔ وہ انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں تو ہم اس کیلئے تیار ہیں۔ عابد شیر علی نے کہ کہ عمران خان چار حلقوں کو بنیاد بنا کر پاکستان میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان آئیں، بات کریں، یہ بات سڑکوں پر نہیں ہوتی۔ ہمارے بھی کارک ہیں اور ہم بھی جلسے اور ریلیاں کرنا جانتے ہیں، پاکستان میں کسی کو انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے۔ وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان قانون اور آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنا مقدمہ ہار بیٹھے ہیں۔ عمران خان کو نہ ہی پارلیمنٹ اور نہ ہی عدلیہ کی بالادستی پسند ہے۔ نواز شریف نے کارکنوں سے خطاب کیا تھا، وکٹری سپیچ نہیں کی تھی۔ عمران خان کے الزامات میں کوئی وزن نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں اور ملک میں افراتفری کے بہانے تلاش کر رہے ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو لیڈر مشکل میں اپنے عوام کے ساتھ نہ ہو وہ کیسا لیڈر ہے۔ ان کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ دھاندلی کا شور مچانے والوں کے بے شمار امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں اور عوام پرکشش نعرے لگانے والے ان سیاسی بونوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اقتدار میں آنے کا خواب خواب ہی رہے گا۔ بہاولپور جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مگرمچھ کے آنسو بہانے کی بجائے آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ سونامی خان کے دل میں اگر آئی ڈی پیز کیلئے درد ہوتا تو آج وہ نواز شریف کے ہمراہ بنوں جاتے۔ ایک صوبے کو نہ بدلنے والے نیا پاکستان کیا بنائیں گے۔ عمران خان 5 سال تک اسی طرح دھاندلی کا شور مچاتے رہیں گے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی جلسے جلوسوں سے نہیں عملی کام سے ہوتی ہے، عمران خان 4جلسوں پر 37کروڑ لگا چکے ہیں، اسی پیسے سے متاثرین شمالی وزیرستان آپریشن کیلئے 7 دنوں کا راشن آ سکتا تھا۔

مزیدخبریں